جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اورسینیٹر اسماعیل بلیدی تربت میں ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا بھتیجا شدید زخمی ہو گیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق کہ نامعلوم افراد نے سینیٹر اسماعیل بلیدی کی گاڑی کو بلوچستان کے ضلع تربت میں فائرنگ کا نشانہ بنایا تاہم خوش قسمتی سے وہ اس میں محفوظ رہے، فائرنگ میں اسماعیل بلیدی کا ایک بھتیجا زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نےعلاقے کا محاصرہ کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔