بھارت میں ماؤ نواز جنگجوؤں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک

ایک زخمی پولیس اہلکار کی حالت بھی نازک ہے


ویب ڈیسک April 28, 2019
ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک دیہاتی زخمی بھی ہوا۔ فوٹو : فائل

بھارت میں موٹر سائیکل سوار ماؤ نواز جنگجوؤں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور میں موٹر سائیکل سوار مسلح ماؤ نواز جنگجوؤں نے ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شدید زخمی ہے۔

ریسکیو ادارے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی پولیس اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جب کہ باغیوں کی فائرنگ سے قریب سے گزرنے والا ایک دیہاتی بھی زخمی ہو گیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی ہلاک

ماؤ نواز جنگجوؤں کی دہشت گردانہ حملے کے بعد علاقے کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز کے مزید نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ رواں ماہ ماؤ نواز جنگجوؤں نے سڑک کنارے بم نصب کرکے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو نشانہ بنایا تھا جس میں رکن اسمبلی اور ان کے 3 ساتھی ہلاک ہوگئے تھے۔