آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی احتساب عدالت منتقلی چیلنج کردی

رجسٹرارآفس سپریم کورٹ نے اپیل دائرکرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی


ویب ڈیسک May 03, 2019
جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ کارمیں آتا تھا، سابق صدر فوٹو:فائل

سابق صدرآصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی احتساب عدالت منتقلی چیلنج کردی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بینکنگ عدالت سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی احتساب عدالت منتقلی چیلنج کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ کارمیں آتا ہے، لہذا اسے احتساب عدالت کومنتقل کرنے کا کوئی قانونی جوازنہیں، تفصیلی وجوہات کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائرکرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس کی منتقلی کیخلاف آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستیں مسترد

ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک نے اپیل دائرکرنے کیلئے سپریم کورٹ سے تحریری مہلت مانگی جس کے بعد رجسٹرار آفس نے اپیل دائرکرنے کیلئے دوہفتوں کی مہلت دے دی۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس اورمنی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ سماعت کے دوران اہم پیشرفت ہوئی تھی جہاں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا تھا۔