ملک کے دفاع اور سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں آرمی چیف

ہم ہر خطرے سے نمٹنے اور دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سربراہ پاک فوج


ویب ڈیسک May 04, 2019
ہم ہر خطرے سے نمٹنے اور دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سربراہ پاک فوج (فوٹو: فائل)

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو درپیش دفاع اور سکیورٹی کے چیلنجز سے اچھی طرح واقف ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر این ایل آئی بٹالین کا دورہ کیا، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا اور بھارتی اشتعال انگیزی کے منہ توڑ جواب دینے کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم ملک کودرپیش دفاعی اور سیکیورٹی چیلنجزسے بخوبی آگاہ ہیں اور ''محاذ سے قطع نظر'' تمام خطرات کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔