افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر مشتعل ہجوم کا دھاوا

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2019
سفارت خانے کا عملہ اور عمارت محفوظ ہے۔ فوٹو : فائل

سفارت خانے کا عملہ اور عمارت محفوظ ہے۔ فوٹو : فائل

کابل: افغانستان میں مشتعل ہجوم نے پاکستانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے پر پاکستان آنے کے خواہش مند مشتعل افغان شہریوں نے دھاوا بول دیا، سفارت خانے کے باہر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے صورت حال کو قابو میں کرلیا۔

سفارت خانے پر دھاوا بولنے والے افراد جلد اور فوری ویزہ جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، مشتعل افراد کے حملے میں سفارت خانے کی عمارت یا عملے کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ افغان سیکیورٹی فورسز نے مشتعل افراد کو منتشر کردیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے افغانستان کے حکام کو کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے جب کہ افغان حکام نے بھی ایسے واقعات کے تدارک کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سفارتی ذرائع  کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانہ روزانہ کی بنیاد پر 2 ہزار ویزے جاری کرتا ہے جس کے لیے سفارتی عملہ دن و رات تندہی سے کام کرتا ہے اس لیے ویزہ ملنے میں تاخیر کا بہانہ بنا کر سفارت خانے میں دھاوا بولنا قابل مذمت ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔