لاپتا فوجی طیارہ خلائی مخلوق لے گئی، بھارتی میڈیا ایک اور مضحکہ خیز دعویٰ

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2019
اس سے قبل طیارے کا ملبہ ملنے کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم وہ کچرے کا ڈھیر نکلا۔ فوٹو : فائل

اس سے قبل طیارے کا ملبہ ملنے کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم وہ کچرے کا ڈھیر نکلا۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: بھارتی میڈیا نے ایک اور نیا چٹکلہ چھوڑا ہے کہ چین کی سرحد کے نزدیک لاپتا ہونے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے کو خلائی مخلوق اڑن طشتری کے ذریعے اپنے ہمراہ لے گئی۔

بھارتی میڈیا نے ایک نہایت حساس اور سنجیدہ معاملے کو اپنی ہیجان انگیزی اور غیر منطقی رپورٹنگ کے ذریعے مضحکہ خیز بنادیا، ایک علاقائی چینل کا دعویٰ ہے کہ اروناچل میں لاپتا ہونے والے طیارے کو خلائی مخلوق اپنے ہمراہ لے گئی۔

علاقائی چینل نے انکشاف کیا کہ لاپتا طیارے کی تلاش میں ہیلی کاپٹرز اور طیاروں کے سرچ آپریشن کی ناکامی، سٹیلائٹ کے بھی کار آمد نہ ہونے اور دیگر کی گئی کاوشوں کے بے نتیجہ ہونے کا مطلب ہے کہ طیارے کو خلائی مخلوق لے گئی۔

یہ پڑھیں : آسام سے پرواز بھرنے والا بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ لاپتا

قبل ازیں 4 جون کو بھارتی لاپتا لڑاکا طیارے کے ملبے کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ایک ہیلی کاپٹر کو مل جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم جب ملبے کے نزدیک پہنچا گیا تو وہ جہاز کا ملبہ نہیں بلکہ کچرے کا ڈھیرتھا۔

یہ بھی پڑھیں : عقل سے عاری بھارتی میڈیا نے ہیٹ ویو کا الزام بھی پاکستان پر دھر دیا

واضح رہے کہ 3 جون کو بھارتی فضائیہ کا جنگی طیارہ  AN-32  چین کی سرحد کے قریب لاپتا ہوگیا تھا جس پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس میں تاحال کامیابی نصیب نہیں ہوسکی، جہاز میں ایک ونگ کمانڈر، 4 فلائٹ لیفٹیننٹ، ایک اسکواڈرن لیڈر اور 7 ایئرمین سوار تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔