بھارت میں 57 بچوں کی پُراسرار ہلاکت کی ذمہ دار لیچی قرار

والدین بچوں کو خالی پیٹ لیچی نہ کھلائیں اور لیچی کی فصل کو تلف کردیں، وزارت صحت


ویب ڈیسک June 14, 2019
مظفر گڑھ میں پیدا ہونے والی لیچی میں زہریلا مادہ پایا گیا ہے جس سے دماغ کی سوزش ہوسکتی ہے، ماہرین (فوٹو : فائل)

بھارت میں ایک مخصوص دماغی مرض کے باعث 10 سال سے کم عمر 57 بچوں کی پُراسرار ہلاکت کی ذمہ دار 'لیچی' کو قرار دے دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں دماغ کی سوزش Acute Encephalitis syndrome کے باعث 10 سال سے کم عمر کے بچوں کی پراسرار ہلاکتوں کی وجہ وزارت صحت نے لیچی کو قرار دے دیا۔

ریاست بہار کی وزارت صحت نے والدین کو ہدایت جاری کی ہیں کہ بچوں کو خالی پیٹ لیچی کھلانے سے گریز کریں، لیچی میں ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو دماغ کی سوزش کا باعث کا بن سکتے ہیں۔

تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ بھارت ریاست بہار کے سب سے متاثرہ علاقے مظفر گڑھ میں اگنے والی لیچی میں ایک زہریلا مادہ پایا گیا ہے جو دماغی مرض acute encephalitis syndrome کا باعث بنتا ہے۔

وزارت صحت کی تجویز پر ریاست بہار کے علاقے مظفر گڑھ کے کسانوں اور شہریوں نے اپنی زمینوں سے اگنے والے لیچی کی فصل کو تلف کردیا جب کہ مارکیٹ سے بھی لیچی کے ذخیرے کو اُٹھایا جا رہا ہے۔