لٹل ماسٹر حنیف محمد 14 ستمبر کو وطن واپس لوٹ آئیں گے

کیموتھراپی کا عمل شروع، پہلا سیشن لندن میں ہوا، باقی کراچی میں کرانے کا فیصلہ


Sports Desk September 04, 2013
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میچز دیکھنے کے ساتھ کیرم کھیل کر وقت گزارنے لگے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے حقیقی لٹل ماسٹر حنیف محمد کی کیموتھراپی کا عمل شروع ہوگیا، پہلا سیشن لندن میں ہوا، ابتدائی سائیکل مکمل ہونے پر14 ستمبر کو وطن واپس لوٹ آئیں گے۔

کینسر کے موذی مرض کو جڑ سے ختم کرنے کیلیے باقی سائیکلز کراچی میں ہوں گے، بیٹے شاہ زیب کا کہنا ہے کہ حنیف محمد زمبابوے میں موجود پاکستانی ٹیم کے میچز دیکھنے کے ساتھ کیرم کھیل کر وقت گزارتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان اور عظیم بیٹسمین حنیف محمد کے کینسر کا آپریشن لندن میں 9 جولائی کو ہوا تھا، انھیں اس مرض کے دوبارہ شکار ہونے سے بچانے کیلیے کیموتھراپی کا آغاز کردیا گیا۔

اس بارے میں ان کے چھوٹے بیٹے شاہ زیب کا کہنا ہے کہ سرجن ڈاکٹر ہوبرٹ ہچنز اور رسولیوں کا علاج کرنے کے ماہر پروفیسر جسٹن اسٹیبنگ کا کہنا ہے کہ میرے والد کینسر سے نجات پاچکے مگر اس مرض کے دوبارہ سراٹھانے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔



اس لیے پروفیسر اسٹیبنگ نے کیموتھراپی کے 6 سائیکلز مکمل کرنے کو کہا ہے، لندن کے ایک کلینک میں پہلا سیشن گذشتہ روز دوپہر کو مکمل ہوچکا، دوسرا مرحلہ آئندہ ہفتے ہوگا جس کے بعد وہ 14 ستمبر کو کراچی واپس لوٹ جائیں گے، اس صورت میں ان کے باقی پانچ سائیکلز کراچی میں ڈاکٹر نہال مسعود کی زیرنگرانی مکمل ہوں گے جو شوکت خانم کینسر اسپتال سے منسلک ہیں، انھوں نے کہا کہ میرے والد کا پہلا سیشن بہتر ہوا، شکر ہے کہ کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی، گذشتہ 2 ماہ کے دوران وہ شائقین اور دوستوں کی محبت سے کافی متاثر ہوئے۔

انھوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدستور دعاؤں میں یاد رکھا جائے، پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ان سے رابطے میں رہااور ہرممکن مدد کی یقین دہانی کراچکا ہے۔ حنیف محمد ایشز سیریز ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈیز اور اب زمبابوے سے میچز دیکھنے میں مصروف ہیں، فارغ وقت میں وہ کیرم سے بھی دل بہلاتے رہے، سرجری کے بعد وہ خود کو زیادہ تازہ دم محسوس کررہے ہیں، ان کے گھٹنے کے بھی آپریشن کی ضرورت ہے مگر فی الحال اسے مؤخر کردیا گیا۔