بینظیر بھٹو ٹاؤن اسکیم میں 20ہزار افراد کو مکان دیے جائینگے

اگلے مرحلے میں 30ہزارمکان تعمیرکیے جائیں گے،ترقیاتی کام آخری مراحل میں داخل


Staff Reporter September 11, 2013
پلاٹس کی قرعہ اندازی آئندہ چند روز میں ہوگی، ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی فوٹو: فائل

حکومت سندھ کی جانب سے شہیدبے نظیر بھٹو ٹاؤن( ایس ایم بی بی ٹی )اسکیم کے تحت پلاٹس کی قرعہ اندازی آئندہ چند روز میں ہوگی، حکومت یہ بھی منصوبہ بندی کررہی ہے کہ ان پلاٹس پر مفت مکانات تعمیر کرکے دیے جائیں، اس ضمن میں ایک غیر سرکاری فلاحی ادارے سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

یہ بات ایس ایم بی بی ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے )کے ڈائریکٹر جنرل آغا مسعود عباس نے منگل کو بے نظیر بھٹو ٹاؤن کی سائٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر صوبے کے غریب اور بے گھر افراد کے لیے یہ اسکیم شروع کی گئی ہے،جس کے تحت کراچی سمیت صوبے کے تمام 23 اضلاع میں120 مربع گز کے50 ہزار پلاٹس غریب عوام میں قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔



بے نظیر ٹاؤن کراچی میں ترقیاتی اور انفرااسٹرکچر کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، ''ہیومن ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن'' کے صدر رضوان احمد مرزا اور پاکستان میں فاؤنڈیشن کے سربراہ جانس خان اور فاؤنڈیشن کے دیگر ارکان نے بھی بے نظیر ٹاؤن کی سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا، فاؤنڈیشن کے وفد نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان بھرمیں غریب افراد کو ایک لاکھ گھر مفت تعمیر کرکے دیں ، سندھ میں ابتدائی مرحلے میں 20ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں مزید 30 ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے ۔