محکمہ تعلیم 2012میں بھرتی ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کا فیصلہ

اندورن سندھ ہزاروں اساتذہ کوڈگریوں کی جانچ کے بغیرتنخواہیں جاری کی جارہی ہیں


Staff Reporter September 17, 2013
محض کراچی میں بھرتی کیے گئے ہزاروں اسکول اساتذہ کی تنخواہیں روکی گئیں، فوٹو :فائل

سابق وزیرتعلیم پیرمظہرالحق کے دورمیں بغیر ٹیسٹ اور انٹرویو کے بھرتی کیے گئے اسکول اساتذہ کی تقرریوں کے معاملے پر قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس پیرکو ڈائریکٹراسکولز کراچی کے دفترمیں منعقدہوا۔

اجلاس میں کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد بھرتی کیے گئے ہزاروں امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کیلیے شیڈول جاری کردیا اور ایک سال سے تنخواہوں سے محروم امیدواروں کی تعلیمی دستاویزات کی جانچ پر آنے والے اخراجات کا بوجھ بھی انھی امیدواروں پر ڈال دیاگیا ،کراچی کی طرز پر سندھ کے دیگراضلاع میں بھی ٹیسٹ اور انٹرویو کے بغیر اسکول اساتذہ بھرتی کیے گئے، ان کے کیسز کی جانچ پڑتال کی گئی نہ ہی دستاویزات کی تصدیق کرائی گئی، انھیں تنخواہیں بھی جاری کردی گئیں ، محض کراچی میں بھرتی کیے گئے ہزاروں اسکول اساتذہ کی تنخواہیں روکی گئیں ۔

پیرکو منعقدہ اجلاس میں مذکورہ فیصلہ ڈائریکٹراسکولزکراچی نیاز لغاری کی زیرصدارت ہوا۔



اجلاس کے بعدجاری کیے گئے شیڈول کے مطابق 2012سے محکمہ تعلیم کراچی ریجن میں ڈائریکٹوریٹ آف اسکولز کراچی ریجن کے ماتحت اسکولوں میں بھرتی ہونے والے تدریسی وغیرتدریسی عملے کی دستاویزات کی تصدیق کے سلسلے میں امیدوار اپنے سینٹرز پر2عدد فوٹو، ذاتی فائل اوراصل کاغذات کے ساتھ ذاتی طورپرکمیٹی کے روبروحاضرہوں گے۔

مزید براں تعلیمی اور پیشہ ورانہ اسناد کی تصدیق کے لیے پے آرڈرڈگری کی 300روپے اوراسناد کے لیے 240روپے بنام کنٹرولر امتحانات متعلقہ یونیورسٹی؍بورڈزہمراہ لائیں خواتین کے لیے صفیہ خان میموریل گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول نیو ٹاؤن جبکہ مرد حضرات کے لیے این جے وی گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول ایم اے جناح روڈ میں مرکز قائم کیا گیا18ستمبرکوگلبرگ ٹاؤن،19کولیاری اور اورنگی،20 کوگلشن اقبال،21 کو صدر اور لیاقت آباد،23 کولانڈھی،24 کو نیوکراچی اوربلدیہ،25 کو جمشید ٹاؤن،26 کونارتھ ناظم آباد اور سائٹ،27 کو ملیر، 28 کو کورنگی، 30 کو کیماڑی اور شاہ فیصل،یکم اکتوبرکوگڈاپ ٹاؤن جبکہ 2 ا کتوبر کو بن قاسم سے تعلق رکھنے والے امیدوارمتعلقہ سینٹر پر کاغذات کی جانچ کے لیے حاضرہوسکیں گی ۔