بھارت میں پاکستانی پرچم لہرانے پر 30 طلبا کے خلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اگست 2019
کیرالہ کے مسلمان طلبا کے سبز ہلالی پرچم لہرانے پر بی جے پی کے حامی بھارتی جھنڈا لے آئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

کیرالہ کے مسلمان طلبا کے سبز ہلالی پرچم لہرانے پر بی جے پی کے حامی بھارتی جھنڈا لے آئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

کیرالہ: متعصب مودی سرکار نے ایک کالج میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے جرم میں 30 طلبا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے سلور آرٹس اینڈ سائنس کالج میں طلبا یونین کے انتخابات کے موقع پر چند پُرجوش نوجوانوں نے ایک نہایت بڑا پاکستانی پرچم فضا میں لہرا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔

اقلیتوں کے لیے غیر محفوظ بھارت کے پُر تشدد اور نفرت آمیز ماحول میں امن کے حق میں نعرے، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور پاکستانی پرچم لہرانے پر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی اور بی جے پی کی مقامی قیادت بھارتی جھنڈا لیکر کالج پہنچ گئی۔

بھارتی جنتا پارٹی کی مقامی قیادت کی آمد اور شدید دباؤ کے باوجود کیرالہ کے بہادر جوانوں نے نعرے بازی نہ روکی تو اقتدار اور طاقت کے نشے میں چور بی جے پی رہنماؤں نے پولیس کو طلب کرلیا۔

یہ خبر پڑھیں: بھارت نے مسلمانوں سمیت 19 لاکھ سے زائد افراد کی شہریت منسوخ کردی

پولیس نے نوجوانوں کو منتشر کرکے پاکستانی پرچم کو اپنی تحویل میں لے لیا جب کہ بی جے پی کی مقامی قیادت کے دباؤ پر 30 نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔