کراچی میں بارش، ٹریفک کا نظام درہم برہم، بیشتر علاقوں میں بجلی غائب

اسٹاف رپورٹر  پير 2 ستمبر 2019
شاہ فیصل کالونی ، کورنگی ، اورنگی ، ایف بی ایریا ، لیاری ، سرجانی ، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

شاہ فیصل کالونی ، کورنگی ، اورنگی ، ایف بی ایریا ، لیاری ، سرجانی ، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے بیشتر علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوگئے اور اس کا خمیازہ شہریوں کو اذیت ناک ٹریفک جام کی شکل میں برداشت کرنا پڑا۔

بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں شارع فیصل، راشد منہاس روڈ، عیسیٰ نگری ، اسٹیڈیم روڈ، مین کورنگی روڈ، کالا پل، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایم اے جناح روڈ، نیو پریڈی اسٹریٹ اور نیو ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس میں ایمبولینس بھی پھنسی ہوئی دکھائی دیں، مین کورنگی روڈ پر قیوم آباد چورنگی اور کے پی ٹی انٹر چینج فلائی اوور پر بدترین ٹریفک جام میں شہری آٹھ سے دس گھنٹوں تک پھنسے رہے۔

ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس دوران شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار مسافروں میں خواتین اور بزرگ بھی شامل تھے وہ پیدل ہی اپنی منزل کی جانب چل پڑے سیکڑوں افراد موٹر سائیکلیں بند کر کے سڑک کے کنارے ٹریفک کھلنے کا انتظار کرتے رہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

قیوم آباد چورنگی سے کورنگی جام صادق پل کی جانب جانے والا راستہ شہریوں کے لیے اعصاب شکن بن گیا جبکہ کورنگی بروکس چورنگی سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں۔

شہریوں کی ایک بڑی تعداد جو کورنگی کی رہائشی تھی وہ کئی گھنٹے تاخیر کے بعد اپنے اپنے گھروں تک پہنچانے میں کامیاب ہوئی تاہم اس سفر کے دوران انھیں جس اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا اس اندازہ وہی کر سکتے ہیں جو اعصاب شکن ٹریفک جام سے گزر کر گھروں تک پہنچے تاہم اس دوران ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر دکھائی تو ضرور دیئے تاہم وہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں بری طرح سے ناکام دکھائی دیئے اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد شاہ فیصل کالونی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن ، فیڈرل بی ایریا ، لائنز ایریا ، لیاری ، سرجانی ، شیر شاہ ، گلستان جوہر ، گلشن اقبال ، بہادر آباد ، پی ای سی ایچ ایس ، ملیر ، گڈاپ ، اسکیم 33 ، گلشن معمار اور بلدیہ ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی عدم فراہمی سے مکینوں انتہائی مشلات کا سامنا کرنا۔

اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ ہونے کی وجہ سے علاقے بجلی سے محروم ہوگئے اور رات گئے تک کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔