چوہدری شوگر ملز کیس مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

عدالت کا مریم نواز کو 18 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم


ویب ڈیسک September 04, 2019
عدالت کا مریم نواز کو 18 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم۔ فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، نیب پراسیکیوٹر کے مطابق 1992 میں چوہدری شوگر مل قائم کی گئی، 2008-10 میں ملزمہ چوہدری شوگر مل کی شیئر ہولڈر رہیں جب کہ 2015-16 میں نواز شریف چوہدری شوگر مل کے مرکزی شیئر ہولڈر بن گئے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نیب کی جانب سے مریم نواز کے ریمانڈ میں 15 روز توسیع کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ مریم نواز سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے، مریم نواز نےگزشتہ سماعت پر سیکرٹری اور سی ایف او کے پاس شیئر منتقلی کی دستاویزات موجود ہونے کا بیان دیا تھا۔

عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا جس میں عدالت نے مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18 ستمبر کو انہیں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔