نمائشی ٹی ٹوئنٹی میچ آج مظفر آباد میں کھیلا جائے گا اہم کرکٹرز شریک

کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔


Sports Reporter September 06, 2019
کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی الیون اور آزاد کشمیر پرائم منسٹر الیون کے مابین نمائشی ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو مظفر آباد میں کھیلاجائے گا۔

یوم دفاع کے روز شیڈول اس میچ کا مقصد علاقے میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے، صبح 10 بجے شروع ہونے والے مقابلے میں قومی اور مقامی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سرفراز احمد پی سی بی چیئرمین الیون کی قیادت کریں گے، کھلاڑیوں میں مصباح الحق، عابدعلی، بابر اعظم، بلال آصف،شان مسعود،عثمان شنواری، شاداب مجید، ثقلین گیلانی،معین پرویز، بابرخالق، فیضان سلیم اورعثمان معروف شامل ہیں۔

آزاد جموں کشمیر وزیر اعظم الیون کا کپتان اظہر علی کو مقرر کیاگیا ہے، ان کو علی امین گنڈاپور، اسد شفیق، افتخار احمد،امام الحق،میر حمزہ،محمد رضوان، راحت علی، ظفر گوہر،راجہ فرحان، عاقب لیاقت، حسن رضا اور نوید ملک کی خدمات حاصل ہوں گی، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔