سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے سرفراز احمد کپتان برقرار

ویب ڈیسک  جمعـء 13 ستمبر 2019
بابر اعظم ون ڈے اور ٹی 20 میں نائب کپتان ہوں گے، احسان مانی، فوٹو: فائل

بابر اعظم ون ڈے اور ٹی 20 میں نائب کپتان ہوں گے، احسان مانی، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نےسری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

ہیڈکوچ مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کا اعلان کیا،  ہوم سیریز کے لیے بورڈ اور کوچ نے سرفراز احمد پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے بابر اعظم کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیےکپتان سرفراز احمد ہی رہیں گےجب کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارافیصلہ واضع ہےکہ لنکا کےخلاف میچ پاکستان میں ہی ہوں گے، پوری امید ہے سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ ٹیم مینجر کا فیصلہ ہو گیا اور ایک دو روز میں اعلان ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: نہیں معلوم سری لنکا ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، سرفراز احمد

اس موقع پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کاکہنا تھا کہ سرفراز احمد اور بابر اعظم کو مبارک باد دیتا ہوں، سرفراز احمد کی کپتانی میں ٹیم کی کارکردگی بری نہیں رہی،سرفراز احمد کی اپنی پرفارمنس اچھی رہی تو ٹیم اچھا کھیلے گی، سرفرازاپنےآپ کو انڈراسٹیمٹ نہ کرے مجھے اس کےساتھ مل کرکام کرناہے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹونٹی میچز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے، وہ  2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، بابر اعظم آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور ٹیسٹ میں 13ویں بہترین بیٹسمین ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔