شام میں ترکی کے فوجی آپریشن پر رضامند نہیں، امریکی وزیر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2019
یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں کہ امریکا نے ترکی کو اس آپریشن کی اجازت دی ہے، مائیک پومپیو فوٹو:فائل

یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں کہ امریکا نے ترکی کو اس آپریشن کی اجازت دی ہے، مائیک پومپیو فوٹو:فائل

 واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا نے ترکی کو شام میں فوجی کارروائی کی اجازت نہیں دی۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹی وی چینل پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں کہ امریکا نے ترکی کو اس آپریشن کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ترکی کو کوئی گرین سگنل نہیں دیا۔

اگر امریکا نے ترکی کو اجازت نہیں دی تو شام سے فوج کیوں نکالی، اس سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے شام سے امریکی فوجی نکالنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ترکی کے حفاظتی خدشات کو حقیقی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ترک فوج کی شام میں کرد جنگجوؤں پر بمباری

ترک فوج نے شام کے شمال مشرقی علاقے میں  کردوں کی جماعت کردستان ورکرز پارٹی (وائی پی جی) کے خلاف فوجی آپریشن شروع کردیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اس کا مقصد ترکی کی جنوبی سرحد میں دہشت گردوں کی راہداری کو ختم کرنا ہے۔

عالمی برادری ترکی کے اس اقدام کی مذمت کر رہی ہے اور یورپی یونین نے بھی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے فوجی آپریشن سے قبل شام میں تعینات امریکی فوجی واپس بلالی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔