کردوں کے ترک فوج پر راکٹ حملے میں ایک اہلکار جاں بحق 5 زخمی

ترکی نے امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی کارروائی کی، کرد تنظیم


ویب ڈیسک October 27, 2019
کرد جنگجوؤں نے ترک فوج کے قافلے پر راکٹ داغے۔ فوٹو : فائل

شمالی شام میں کرد جنگجوؤں نے ترک فوج کے قافلے پر راکٹ حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی شام میں جنگ بندی کے باوجود ترک فوج اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کے اکا دکا واقعات کا سلسلہ جاری ہے، ترک فوج نے کردوں کے زیر تسلط علاقوں میں آپریشن کیا جب کہ جواب میں کرد جنگوؤں نے ترک فوج پر راکٹ داغے۔

ترک محکمہ دفاع کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ راس العین میں ترک فوج کے قافلے پر کرد جنگجوؤںکے راکٹ حملے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ملٹری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 2 اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔

یہ خبر پڑھیں: شام میں ترک فوج کی کارروائی میں درجنوں کرد جنگجو ہلاک

ترک فوج نے جوابی کارروائی میں کردوں کے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے تاہم کسی قسم کی جھڑپ یا گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ کرد جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ ترک فوجیوں نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ترکی نے امریکا سے مذاکرات کے بعد کردوں کے خلاف فوجی آپریشن روک دیا

واضح رہے کہ ترک صدر طیب اردگان کے حکم پر شمالی شام میں ترک فوجیوں نے پیش قدمی کرتے ہوئے 9 دن تک کردوں کے علاقوں میں کارروائی جاری رکھی تاہم امریکا کی مداخلت پر ترکی اور کردوں کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا تھا جس میں ترکی نے جنگجوؤں کو 5 دنوں میں علاقہ خالی کرنا تھا۔