ہم ووٹ کے ڈاکوؤں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہیں مولانا فضل الرحمان

عمران خان نے جو مہنگائی اور لاقانونیت دی ہے اس سے نجات کے لیے نکلے ہیں، سربراہ جے یو آئی


ویب ڈیسک October 29, 2019
عمران خان نے جو مہنگائی اور لاقانونیت دی ہے اس سے نجات کے لیے نکلے ہیں، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جو مہنگائی اور لاقانونیت دی ہے اس سے نجات کے لیے نکلے ہیں۔

ساہیوال میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کو حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے نقصان پہنچا، عمران خان نے قوم کو جو مہنگائی اور لاقانونیت دی ہے اس سے نجات کے لیے نکلے ہیں، ناجائز اور ناکام حکمرانوں سے نجات حاصل کریں گے اور قوم بہت جلد آزادی کا جشن منائے گی۔

یہ پڑھیں: آزادی مارچ پوری قوم کی ترجمانی کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم موجودہ حکمرانوں کو غاصب قرار دیتے ہیں اور پاکستانی عوام کے ووٹ پر ڈاکے کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے، ووٹ کے ڈاکوؤں کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہیں، ہم عوام کے جم غفیر کے ساتھ اسلام آباد اس لیے جارہے ہیں کہ حکمرانوں سمیت پوری دنیا کو پیغام جائے کہ پاکستان کے حکمران عوام کے حکمران نہیں۔