جے یو آئی کا آزادی مارچ لاہور پہنچ گیا اپوزیشن کا بھرپور استقبال

آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہے گا، فضل الرحمن


ویب ڈیسک October 30, 2019
آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہے گا، فضل الرحمن (فوٹو: فائل)

جمیعت علما اسلام (ف) کا آزادی مارچ لاہور پہنچ گیا جہاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قافلے کا بھرپور استقبال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزادی مارچ کا قافلہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور پہنچ گیا جس کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ استقبال کرنے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ضلعی تنظیم سمیت اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور دیگر شامل ہیں۔

یہ پڑھیں: آزادی مارچ سے نتائج نہ ملے پھر بھی تحریک نہیں رکے گی، مولانا فضل الرحمان

اطلاعات کے مطابق آزادی مارچ کا قافلہ روٹ پلان کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ملتان روڈ اور وہاں سے ہوتا ہوا لاہور پہنچا۔ جے یو آئی کے آزادی مارچ کے شرکا نے رات کو لاہور میں ہی قیام کا فیصلہ کیا۔

یہ پڑھیں: غیر ملکی ایجنسیوں اور کالعدم جماعتوں کا مولانا پر حملے کا خدشہ
قبل ازیں ٹھوکر نیاز بیگ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ اسلام آباد پہنچ کر جعلی حکمرانوں کو گرا کر رہے گا، حکمران عوام کے جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے خود ہی مستعفی ہو جائیں اور ووٹ کی امانت واپس قوم کے حوالے کردیں، تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، ہمیں قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ کر اپنے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔