جاپانی کمپنی کا سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو 6 زائد چھٹیاں دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 4 دسمبر 2019
سگریٹ نوش ملازمین کام کے دوران روزانہ 15 منٹ کا وقفہ لیتے ہیں جبکہ دیگر ملازمین کام کرتے رہتے ہیں۔ سی ای او (فوٹو: فائل)

سگریٹ نوش ملازمین کام کے دوران روزانہ 15 منٹ کا وقفہ لیتے ہیں جبکہ دیگر ملازمین کام کرتے رہتے ہیں۔ سی ای او (فوٹو: فائل)

ٹوکیو: جاپان میں مارکیٹنگ کمپنی نے سگریٹ نوش ملازمین کے مقابلے میں سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو سالانہ 6 چھٹیاں زیادہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کی مارکیٹنگ فرم کے ایک ملازم کی انوکھی ای میل نے ساتھی ملازمین کی سالانہ تعطیلات میں 6 روز کا اضافہ کروا دیا۔ تاہم اس سے سگریٹ نوش ملازمین فائدہ نہیں اُٹھا سکیں گے۔

فرم کے ایک ملازم نے اپنے حکام کو ایک ای میل بھیجی جس میں موقف اختیار کیا کہ سگریٹ نوش ملازمین کو سگریٹ پینے کیلیے دن میں دو دو تین تین بار 15 منٹ کا وقفہ دیا جاتا ہے جب کہ سگریٹ نہ پینے والے ملازمین اس دوران کام کرتے رہتے ہیں۔

ملازم نے مزید لکھا کہ اس طرح سگریٹ نہ پینے والے ملازمین زیادہ دیر کام کرتے ہیں جس کا انہیں کمپنی کی جانب سے زائد چھٹیاں دیکر فائدہ بھی دیا جانا چاہیئے۔ جس پر کمپنی کے سی ای او نے سگریٹ نہ پینے والے ملازمین کو 6 مزید تعطیلات دے دیں۔

پیالا کمپنی کے سی ای او تاکاؤ اسوکا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس فیصلے سے سگریٹ نوش ملازمین کو اپنی نقصان دہ عادت کو ترک کرنے کیلیے حوصلہ ملے گا۔ اس سہولت سے کمپنی کے 120 میں سے 30 ملازمین فائدہ اُٹھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔