ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا، اہلکار شہید

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
دھماکے کے بعد علاقے کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا، فوٹو: فائل

دھماکے کے بعد علاقے کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا، فوٹو: فائل

ڈیرہ اسماعیل خان: کلاچی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کی یونین کونسل مڈی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں موبائل میں موجود ہیڈ کانسٹیبل شہید جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس موبائل کو سڑک کنارے پہلے سے نصب بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے، شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل کا نام ریاض جب کہ زخمیوں میں ہیڈ کانسٹیبل شکیل اور ڈرائیور عطاء اللہ شامل ہیں۔ علاقے کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا جب کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔