سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کا کرتار پور کا دورہ

ویب ڈیسک  منگل 18 فروری 2020
کرتارپور راہداری کھولنا بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اہم اقدام ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ۔ فوٹو : ریڈیو پاکستان

کرتارپور راہداری کھولنا بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اہم اقدام ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ۔ فوٹو : ریڈیو پاکستان

 اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کرتار پور راہداری کا دورہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے شری کرتارپورصاحب کا مختصر دورہ کیا، کرتار پور پہنچنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری ،کرتارپور کوریڈور کمیٹی کے ممبران اور پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، پنجاب اسمبلی کے رکن سردار رمیش سنگھ اروڑھ نے گوردوارہ صاحب پہنچنے پرسیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے سر پر رومالا باندھا، جس کے بعد وفد گوردوارہ صاحب میں داخل ہوا۔

کرتارپورکمیٹی کی طرف سے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو گوردوراہ دربارصاحب اور کرتارپور راہداری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، کرتارپورصاحب میں کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ درشن کے لئے آسکتے ہیں۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کرتارپورصاحب میں بنائی گئی خصوصی آرٹ گیلری کمپلیکس کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور اقلیتوں کے حوالے سے اٹھائے گئے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی، انہوں نے یہاں آنے والے یاتریوں کے لئے بنائے گئے لنگرخانے میں بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔