علی عظمت میرے سینئر ہیں اور میں ہمیشہ ان کی عزت کروں گا، علی ظفر

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 فروری 2020
 اگر لوگ چاہتے ہیں اور لوگوں کی خواہش ہے تو میں پی ایس ایل کا گانا بنانے کی کوشش ضرور کروں گا۔ علی ظفر فوٹوفائل

اگر لوگ چاہتے ہیں اور لوگوں کی خواہش ہے تو میں پی ایس ایل کا گانا بنانے کی کوشش ضرور کروں گا۔ علی ظفر فوٹوفائل

کراچی: علی ظفر نے پی ایس ایل کیلئے اپنی خدمات اور قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نےبہت کم معاوضے پر پی ایس ایل کے لیے کام کیا اور اگر عوام چاہتے ہیں تو ایک بار پھر پی ایس ایل کے لیے گانا بنانے کی کوشش کروں گا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے ترانے ’’تیارہیں‘‘ پر گلوکار علی عظمت اور علی ظفر کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔ لوگوں کو گزشتہ سیزن کی طرح اس سیزن کا آفیشل ترانہ بھی پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ’’علی ظفر پی ایس ایل میں واپس آجاؤ‘‘ کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں بدنظمی پرعلی عظمت کی انتظامیہ پر تنقید

پی ایس ایل سیزن 5 کے گانے ’’تیار ہیں‘‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے مل کر گانا ہے۔ تاہم پھر بھی یہ گانا لوگوں کو بالکل پسند نہیں آیا۔ گزشتہ روز وسیم بادامی نے اپنے شو میں علی عظمت سے سوشل میڈیا پر گانے کو ناپسند کرنے کی وجہ پوچھی تو علی عظمت نے علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ہمارے گائے ہوئے گانے پر تنقید وہ شخص کروارہے ہیں جو  اس سے پہلے پی ایس ایل کے گانے گاچکے ہیں انہوں نے بلاگرز کو پیسے دے کر تنقید کروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا نیا گانا سن کر لوگوں کو علی ظفر کی یادستانے لگی

علی ظفر نے علی عظمت کے ان الزامات پر کل ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں ان الزامات کی تردید کی تھی۔ گزشتہ روز وسیم بادامی نے اپنے شو میں علی ظفر کا انٹرویو کیا اور ان سے علی عظمت کے الزامات کے حوالے سے پوچھا تو علی ظفر نے کہا علی عظمت میرے سینئر ہیں اور میں ہمیشہ ان کی عزت کروں گا لیکن علی عظمت یہ بتائیں کہ کیا میں نے پورے ملک کا دل بدل دیا اور انہیں گانا ناپسند کرنے کے لیے مجبور کیا۔ یہ تو اللہ کا کرم ہوتا ہے کہ انسان کی محنت لوگوں کو پسند آجاتی ہے۔

وسیم بادامی نے علی ظفر سے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پی ایس ایل میں علی ظفر کا کوئی بھی گانا چلا نے کی اجازت نہیں ہے۔ احمد گوڈیل نے یہ بھی کہا کہ علی ظفر میشا شفیع کے لگائے گئے الزامات سے بے قصور ثابت ہوگئے ہیں حالانکہ ہمیں پرانی باتوں کو بھلا کر اپنے اسٹارز کو سپورٹ کرنا چاہیئے۔

یہ بھی پڑھیں: علی عظمت کے الزامات پر علی ظفر کا منفرد انداز میں ردعمل سامنے آگیا

احمد گوڈیل کی باتوں پر علی ظفر نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کسی ایک شخص یا ادارے کا نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستانیوں کا ہے۔ میں نے تین سال پی ایس ایل کے لیے بہت کم معاوضے پر خدمات انجام دیں کیونکہ ہمارے ملک میں بہت کم مثبت چیزیں ہوتی ہیں اور جب اس طرح کا کوئی ایونٹ ہوتا ہے تو ہمیں اسے سپورٹ کرنا چاہیئے،  یہاں تک کہ میری پی ایس ایل کی آخری پرفارمنس بہت خطرناک تھی اور میں اس کے لیے اپنی جان پر بھی کھیل گیا تھا۔ میرا بنایا ہوا گانا پی ایس ایل میں چلانے کی اجازت کیوں نہیں اس بات کا جواب تو پی سی بی ہی دے سکتا ہے کہ انہوں نے ایسی ہدایات کیوں جاری کیں۔

شوکے میزبان نے علی ظفر سے کہا کہ لوگ آپ کے گائے ہوئے گانوں کو بہت پسند کرتے ہیں لہذا آپ خود سے گانا کیوں نہیں بناتے؟ جس پر علی ظفر نے کہا اگر لوگ چاہتے ہیں اور لوگوں کی خواہش ہے تو میں پی ایس ایل کا گانا بنانے کی کوشش ضرور کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔