42 سال سے اخبار کو مسلسل غصیلے خط لکھنے والا شخص

برطانیہ کے برنی کیرول 1978ء سے لیور پول ایکو نامی اخبار کو 15 ہزار خط بھیج چکے ہیں


ویب ڈیسک March 01, 2020
برنی کیرول اب تک 15 ہزار خطوط اخبار کو بھیج چکے ہیں (فوٹو: ڈیلی مرر)

برطانوی شخص نے مسلسل 42 سال تک ایک ہی اخبار کو اپنی ناراضی کے خطوط لکھ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

70 سالہ برنی کیرول 1978ء سے ایک اخبار 'دی لیور پول ایکو' کو خط تحریر کررہے ہیں لیکن ان کے خطوط میں شکایات اور بے معنی باتوں کے ڈھیر بھی ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق وہ اب تک 40 لاکھ الفاظ پر مبنی 15 ہزار سے زائد خطوط لکھ چکے ہیں۔ پہلے انہوں نے 1970ء اور 1980ء کے عشرے میں لیورپول میں قائم کی جانے والی عسکری کونسل پر اپنی ناپسندیدگی پر خط لکھے اور اس کے بعد خط لکھنے کا سلسلہ نہیں رکا۔

اس کے بعد برنی نے اپنے اردگرد مسائل پر خط لکھنا شروع کیے یہاں تک کہ اخباری خطوط میں لوگوں کے رویے کی بھی شکایت کی اور اب تازہ خطوط میں وہ اپنا غصہ آتش بازی کرنے والوں اور پارکوں میں فضلہ بڑھانے والے پالتو کتوں پر اتار رہے ہیں۔



برنی کیرول نے بتایا کہ انہیں ہر ناانصافی اور غلط فعل پر بہت غصہ آتا ہے۔ 70 کے عشرے میں یہ غصہ اپنے شباب پر تھا اور اسی لیے انہوں نے خطوط لکھنا شروع کیا ۔ اب انہیں پٹاخوں پر غصہ آرہا ہے جو تھمے بغیر جاری رہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 'میں جانتا ہوں کہ میرے خظوط لکھنے سے کچھ نہیں بدلے گا لیکن دل کا غبار ہلکا کرنے کے لیے میرے پاس اس سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں بچا،'۔ ان کے مطابق اندر کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے اخبارات کو خط لکھنا ایک اچھا مشغلہ ہے۔


لیورپول ایکو کے مطابق برنی کے خط میں غصے کے ساتھ ساتھ طنز و مزاح کا عنصر بھی موجود ہوتا ہے۔ برنی ایک عرصے تک موسیقار رہے ہیں اور ہر روز وہ کوئی نہ کوئی سرگرم مسئلہ ڈھونڈ نکالتے ہیں اور اس پر خط لکھ دیتے ہیں۔ روزانہ وہ کسی مسئلے پر ایک گھنٹے تحقیق کرتے ہیں اور اس کے بعد خط لکھنے بیٹھ جاتے ہیں۔

وہ اپنے خطوط میں گرامر، مناسب الفاظ اور دیگر پہلوؤں کا بہت خیال رکھتے ہیں تاہم ان کے خطوط 250 سے 300 الفاظ پر مشتمل ہوتے ہیں۔ پہلے وہ خط ہاتھوں سے لکھتے تھے جس پر اب 20 پاؤنڈ فی ہفتہ خرچ آتا ہے اور اب انہوں نے ای میل کے ذریعے ایڈیٹروں کو خطوط بھیجنے شروع کردیئے ہیں۔