وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  منگل 3 مارچ 2020
کابینہ کو کورونا وائرس اور اس کی روک تھام سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ

کابینہ کو کورونا وائرس اور اس کی روک تھام سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے نئے چیئرمین کی تعیناتی اور نادرا اکاؤنٹس کے آڈٹ کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیئرمین اور نادرا  اکاؤنٹس کے مالی سال 30 جون 2019ء کے آڈٹ کی منظوری دے دی جبکہ نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی، تاہم بھارت سے کیمیکل منگوانے کا معاملہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد محمود کی بحالی کی درخواست مسترد

کابینہ کو کورونا وائرس اور اس کی روک تھام سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ ملک میں بجلی کی رسد، قیمتوں اور بلز کے طریقہ کار سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اوروفاقی سیکریٹریز کی کورونا وائرس اسکیننگ کی گئی تاہم کسی میں اس مرض کی تشخیص نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایم ڈی سی تحلیل کرنیکا صدارتی آرڈیننس کالعدم قرار

اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس حوالے سے کابینہ اراکین نے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبہ میں اصلاحات قومی مفاد میں ہیں، اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین سے مشاورت ہونی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔