آئی ایم ایف کا کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو 10 کھرب ڈالر قرضہ دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 17 مارچ 2020
کورونا وائرس سے متاثرہ رکن ممالک کے لیے بلا سود قرضے کا اعلان ایم ڈی کرسٹالینا جورجیفا نے کیا، فوٹو : فائل

کورونا وائرس سے متاثرہ رکن ممالک کے لیے بلا سود قرضے کا اعلان ایم ڈی کرسٹالینا جورجیفا نے کیا، فوٹو : فائل

نیو ہیمپشائر: عالمی مالیاتی فنڈ نے کورونا وائرس سے متاثرہ اور اس کے باعث معاشی مشکلات کے شکار ممالک کو 10 کھرب ڈالر تک قرضہ صفر شرح سود پر دینے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیفا نے رکن ممالک کو کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے اور معیشت کی بحالی کے لیے 10 کھرب ڈالر تک کا قرضہ دینے پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قرضہ صفر شرح سود پر ابھرتی اور ترقی پذیر معیشتوں کو 50 ارب ڈالر جب کہ کم آمدنی والے رکن ممالک کو 10 ارب ڈالر تک دیا جائے گا۔

منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیفا نے مزید کہا کہ 20 ممالک نے قرضوں کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو ترجیحی بنیاد پر اور تیز رفتاری سے بلا سود قرضے جاری کیے جائیں گے تاکہ معاشی بحران کے شکار اور مالی مدد کے حق دار ممالک کو اپنے امور چلانے کے لیے کچھ سہارا مل سکے۔ علاوہ ازیں سی سی آر ٹی فنڈز غریب ترین ممالک کو فوری طور پر قرضوں سے نجات دلانے میں بھی مدد فراہم کرسکتا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کورونا وائرس کے باعث دنیا پاکستان جیسے ممالک کا قرضہ معاف کرنے کا سوچے، وزیراعظم

آئی ایم ایف پہلے ہی مجموعی طور پر 200 ارب ڈالر کی ادائیگی کا وعدہ کرچکا ہے جب کہ 15 مارچ کو امریکی فیڈرل ریزرو نے معاشی نمو کی حوصلہ افزائی کے لیے سود کی شرح صفر کر دی تھی اور معیشت کو کورونا وائرس کے اثرات سے بچانے کے لیے 700 ارب ڈالر کے پروگرام بھی شروع کیے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 50 کھرب ڈالر تک کے قرضے کا اقدام برطانیہ کی جانب سے ’سی سی آرٹی فنڈ‘ کے لیے 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کے وعدہ کے بعد اُٹھایا گیا ہے، برطانوی امداد کے بعد سی سی آر ٹی کے فنڈ میں 40 کروڑ ڈالر تک اضافہ ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔