ہاکی سینئرز نے جونیئرز سے ابتدائی شکست کا بدلہ لے لیا

جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے پاکستانی ٹیم نے سینئرز کے ساتھ2 میچز کی سیریز میں حصہ لیا جو 1-1سے برابر ہو گئی،


Sports Reporter December 01, 2013
دوسرے میچ میں4-3 سے فتحیاب،سیریز1-1سے برابر،عمران نے2 بار گیند جال میں پہنچائی، مقابلوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے،فیڈریشن۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: سینئر ٹیم نے جونیئرزکو3کے مقابلے میں4 گول سے زیر کر کے ابتدائی شکست کا بدلہ لے لیا، سیریز1-1سے برابر کرنے میں کپتان محمد عمران کا کردار اہم رہا جنھوں نے2 بار گیند جال میں پہنچائی،67 ویں منٹ میں عمران کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔

سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد علی کے مطابق سیریز نہایت کامیاب رہی، کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضا لانے کیلیے اس طرح کے مقابلوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے پاکستانی ٹیم نے سینئرز کے ساتھ2 میچز کی سیریز میں حصہ لیا جو 1-1سے برابر ہو گئی، پہلے میچ میں جونیئرز نے2-1 سے فتح حاصل کی تھی تاہم دوسرے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد3-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، میاں محمد شریف ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں مقابلے کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا اور دونوں سائیڈز نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے، چھٹے منٹ میں دلبر حسین نے فیلڈ گول سے جونیئرز کو سبقت دلا دی،23ویں منٹ میں سینئرز پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئے، کپتان محمد عمران نے اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھایا اور بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کی راہ دکھا دی، صرف4 منٹ بعد وقاص شریف نے ایک اور پی سی کو کارآمد بنا کر ٹیم کو سبقت دلا دی، پہلے ہاف کے آخری منٹ میں جونیئر ٹیم کے عماد بٹ نے اسی انداز سے گول کر کے مقابلہ ایک بار پھر 2-2سے برابر کر دیا۔



وقفے کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی،اس دوڑ میں جیت تجربہ کار کھلاڑیوں کی اس وقت ہوئی جب محمد عتیق نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اسکور3-2 کر دیا،جونیئرز نے ہمت نہ ہاری اور اسکور برابر کرنے کی کوشش کرتے رہے،55ویں منٹ میں عرفان انور نے فیلڈ گول کر کے اسکور3-3 کر دیا،جونیئرز نے ایک اور گول کر کے سبقت لینے کی کوشش کی تاہم محمد عمران راہ میں رکاوٹ بن گئے، انھوں نے کھیل کے67ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 4-3 سے اپنے نام کر لیا۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول تھے، اس موقع پر سیکریٹری رانا مجاہد علی، محمد آصف باجوہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد شفقت، صدر پی ایچ اے شاہد پرویز بھنڈارا، ارشد چوہدری، خالد بشیر، خواجہ محمد جنید، محمد سرور، ریحان بٹ سمیت سابق اولمپئنز اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

دوسری جانب سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہاکہ نئے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے درمیان میچز کا تجربہ خاصا کامیاب رہا، مقابلے کی فضا لانے کے لیے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ سیریز کے دوران جونیئرز نے جس طرح سینئر ٹیم کا مقابلہ کیااس کے بعد میں وثوق سے کہتا ہوں کہ قومی کھیل کا مستقبل روشن ہے ۔ رانا مجاہد علی نے کہا کہ گراس روٹ سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کر کے انھیں گروم کیا جائے گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑی بھر پور ردھم میں ہیں، مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔