رومانیا میں ایک ہی میٹرنٹی ہوم کے 10 نوزائیدہ بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک  بدھ 8 اپريل 2020
بچوں کی ماؤں میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، فوٹو : فائل

بچوں کی ماؤں میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، فوٹو : فائل

بخارسٹ: یورپی ملک رومانیا کے ایک میٹرنٹی ہوم میں ایک ہی روز 10 نومولود بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ان بچوں کی ماؤں کا کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ملک رومانیا کے شہر تمیسورا کے ایک میٹرنٹی ہوم میں جنم لینے والے تمام نومولودوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 10 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم حیران کن طور پر بچوں کی مائیں کورونا وائرس سے متاثر نہیں۔

محکمہ صحت نے نوزائیدہ بچوں کی ماؤں میں کورونا وائرس منفی آنے پر میٹرنٹی ہوم کے تمام عملے کا کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماؤں نے بھی بتایا کہ طبی عملے نے حفاظتی اقدام نہیں کیے تھے۔ ماسک اور داستانے تک نہیں پہنے ہوئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا میں کورونا وائرس سے نومولود ہلاک، مجموعی تعداد 5 ہزار سے متجاوز

محکمہ صحت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر نومولودوں کی طبیت بہتر ہے اور کسی بچے میں تاحال علامتیں ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ رومانیا میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 500 مریض ہیں جن میں سے 700  ڈاکٹرز اور طبی عملہ شامل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں بھی ایک نوزائیدہ بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور اسے کووڈ-19 کا دنیا کا سب سے کم عمر مریض قرار دیا گیا ہے جب کہ امریکا میں 2 نوزائیدہ بچے کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔