ہم پر کسی کے دم کا کوئی اثر نہیں ہوتا شیخ رشید کے بیان پر نیب کا ردعمل

شیخ رشید نے کہا تھا کہ میں نے دم کیا تو شہباز شریف نیب کی گرفتاری سے بچ گئے


ویب ڈیسک April 18, 2020
برائے مہربانی نیب کی بنیاد پر سیاست نہ کی جائے، نیب اعلامیہ۔ فوٹو: فائل

نیب نے کہا ہے کہ ہم پر کسی کے دم کرنے کا کوئی اثر نہیں، ہماری کارروائی آئین و قانون اور شواہد کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف سنگین نوعیت کے کیسز ہیں لیکن میں نے دم کیا تو شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے۔ شیخ رشید کے اس بیان پر نیب کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب نے 17 اپریل کو شہباز شریف کو گرفتار کر نے کے لیے طلب نہیں کیا تھا بلکہ صرف چند سوالات کے جوابات درکار تھے۔

یہ پڑھیں: میں نے دم کیا تو شہبازشریف گرفتاری سے بچ گئے، شیخ رشید

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے افسر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر غیر جانب داری سے کام کرتے ہیں اور کارروائی آئین و قانون اور شواہد کی بنیاد پر کی جاتی ہے، نیب پر کسی کے دم کرنے کا کوئی اثر نہیں ہوتا، برائے مہربانی نیب کی بنیاد پر سیاست نہ کی جائے۔