آئی بی اے کا بڑا فیصلہ، طلبہ کے سالانہ امتحانات نہیں ہوں گے

صفدر رضوی  بدھ 20 مئ 2020
پاس/فیل کی پالیسی دیدی گئی،گریڈنگ نہیں ہوگی ،طلبا کے سی جی پی اے متاثر نہیں ہوگی ۔  فوٹو : فائل

پاس/فیل کی پالیسی دیدی گئی،گریڈنگ نہیں ہوگی ،طلبا کے سی جی پی اے متاثر نہیں ہوگی ۔ فوٹو : فائل

کراچی: میٹرک اور انٹر کے بعد پاکستان میں اعلی تعلیم کی سطح پر آئی بی اے کراچی (انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن) نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے طلبا کو بغیر امتحانات کے محض پاس/فیل کرنے کی پالیسی جاری کردی ہے۔

تاہم طلبہ کو کسی قسم کی گریڈنگ نہیں دی جائے گی جس سے آن کی “سی جی پی آر” پر کسی قسم کا مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا بلکہ طلبہ کی سابقہ سی جی پی اے برقرار رہے گی جبکہ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی خراب کارکردگی کے حامل طلبہ کو فیل کرنے سے قبل اساتذہ اپنے شعبہ جاتی سربراہوں سے مشورہ کریں گے آئی بی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی نے اس فیصلے سے ایک ای میل کے ذریعے تمام ڈینز اور فیکلٹی اراکین کو آگاہ بھی کردیا ہے “ایکسپریس ” کو آئی بی اے کے ایک سینیئر فیکلٹی ممبر نے بتایا کہ ای میل میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیمسٹر 17 مئی کو ختم ہوگیا ہے اور موجودہ اسپرنگ سیمسٹر میں طلبہ کو پاس یا فیل کرنے کے لیے فائنل امتحانات لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

انھیں پہلے سے دیے گئے “اسائنمنٹس، کوئز یا پروجیکٹس” کی بنیاد پر ان کی اسسمنٹ کی جائے تاہم ساتھ ہی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی طالب علم کی کارکردگی انتہائی خراب ہو اور اسے فیل کرنا ہی مناسب ہو تو ایسی صورت میں متعلقہ استاد اپنے شعبہ جاتی سربراہ سے مشورہ کرے گا “ایکسپریس” کو موصولہ اس ای میل کے عکس کے مطابق اس غیر معمولی صورتحال میں آئی بی اے کراچی کا تدریسی نظام گزشتہ دو ماہ سے متاثر ہے ہم اس صورتحال میں معیارات کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔