افغان صدر کا وزیراعظم عمران خان کو فون، امریکا طالبان معاہدے پر گفتگو

ویب ڈیسک  پير 3 اگست 2020
وزیراعظم عمران خان کا افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور (فوٹو : فائل)

وزیراعظم عمران خان کا افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے افغان امن میں پیش رفت کے لیے امریکا طالبان معاہدے پر بات چیت کی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں افغان امن عمل، پاک افغان تعاون میں اضافے، کورونا وائرس کی صورتحال اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام و معیشت کے درمیان توازن سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے پر جلد عمل درآمد کی امید کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔