مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر بدنما داغ رہے گا، پاکستان

ویب ڈیسک  بدھ 5 اگست 2020
 بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ان پر حملے کئے جاتے ہیں، دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ان پر حملے کئے جاتے ہیں، دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بابری مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر ہمیشہ ایک بدنما داغ رہے گا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر قابل مذمت ہے، مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر ہمیشہ ایک بدنما داغ رہے گا، بھارتی سپریم کورٹ کے غلط فیصلے کی رو سے مندر کی تعمیر بھارت میں اکثریت کی طرفداری کرتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بابری مسجد پانچ صدیوں تک موجود رہی، بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ان پر حملے کئے جاتے ہیں،  بی جے پی بھارت کو ہندتوا راشٹرا بنانے پر گامزن ہے، آج کے دن ایودھیا میں ہونے والا واقعہ اسی کا عکاس ہے،  1992 میں بی جے پی کی طرف سے مسجد شہید کرنے کے تکلیف دہ مناظر آج بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں، تب سے لے کر او آئی سی کی طرف سے صدیوں پرانی مسجد کو شہید کرنے کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔