شہریوں نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 اگست 2020
صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے۔ فوٹو، فائل

صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے۔ فوٹو، فائل

پشاور: خیبرپختونخوا میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پشاور شہر میں گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشڈنگ معمول بن گیا ہے، کئی علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی بمشکل ایک گھنٹے کے لئے آتی ہے۔ عدالت واپڈا کو لوڈشیڈنگ سےروک کرعوام کوبجلی فراہمی یقینی بنائے۔عوام کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بناناحکومت اور واپڈ کی ذمہ داری ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں زیادہ پیداوار کے باوجود صوبے کے عوام کو بجلی دستیاب نہیں۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باوجود واپڈا والے ہزاروں کے  بل بھیج دیتے ہیں۔بجلی پر پہلا حق خیبرپختونخوا کے عوام کا بنتا ہے۔

ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف لوڈشڈنگ اور دوسری طرف حکومت ٹیلی وژن کے اضافی چارجز بھی بل میں وصول کررہا ہے۔ مسجد، مدرسہ، تعلیمی اداروں کے بل میں بھی ٹیلی وژن جارجز وصول کیا جارہا ہے۔ درخواست میں وفاقی وصوبائی حکومت،واپڈا،نیپرااور پیسکو کو فریق بنایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔