مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید

سرچ آپریشن کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے ماورائے عدالت قتل کا خدشہ ہے، علاقہ مکین


ویب ڈیسک August 19, 2020
نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ضلع شوپیاں میں شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران جارحیت پسند فوج نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔

یہ خبر پڑھیں : قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید

بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی فوج نے نوجوان کی لاش کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں نے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

ضلع شوپیاں میں تاحال سرچ آپریشن جاری ہے اور ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ قابض بھارتی فوج نے کئی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گرفتار کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔