کراچی میں اسکول کھلنے کے پہلے ہی روز طالبہ جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 15 ستمبر 2020
طالبہ اریبہ کو سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی اور وہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی، اسکول مالک

طالبہ اریبہ کو سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی اور وہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی، اسکول مالک

 کراچی: گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہوگئی جب کہ طالبہ کو سانس لینے میں بھی دشواری ہورہی تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ اریبہ جاں بحق ہوگئی، اسکول مالک آصف خان کا کہنا ہے کہ طالبہ اریبہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی تھی جس کے بعد اریبہ کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئی، اریبہ سیڑھیوں کے تیسرے اسٹیپ سے سر کے بل گری تھی۔

اسکول مالک آصف خان نے کہا کہ اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی اور درجہ حرارت بھی نارمل تھا تاہم طالبہ کو ماسک لگانے کے باعث سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی۔

پولیس نے اسکول مالک کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے، ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق اسکول مالک کو تھانے طلب کیا ہے جہاں تفصیلی بیان قلمبند کیا جائے گا اور تمام سوالات کے جوابات طلب کیے جائیں گے تاہم سوالات کے جواب نہ ملے تو پھر پولیس ایکشن لے گی جب کہ پولیس بچی کے والدین سے بھی ملاقات کرے گی۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے طالبہ کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ڈی جی پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے، جاں بحق طالبہ کے حوالے سے مکمل رپورٹ جلد وزیر تعلیم کو پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔