سندھ حکومت نے کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

ویب ڈیسک  اتوار 11 اکتوبر 2020
کراچی پولیس نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا تھا۔ فوٹو : فائل

کراچی پولیس نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا تھا۔ فوٹو : فائل

 کراچی: محکمہ داخلہ سندھ  نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا جاری کردہ نوٹیفیکشن واپس لے لیا ہے۔ 

محکمہ داخلہ سندھ نے تیس روز کے لئے کراچی ڈویژن میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سفارش پر اتوار کی دوپہر دو بجے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر ایک ماہ کیلئے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ یہ پابندی کراچی میں بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی حکام کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا حکم نامہ واپس لینے اور نظر ثانی شدہ حکم نامہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکام کی ہدایت کے بعد محکمہ داخلہ کے حکام کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا اور دوسرے اجلاس میں فیصلے پر نظر ثانی کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مولانا ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ میں سپرد خاک

واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ سے جامعہ فاروقیہ کے مہتمم اور وفاق المدرس العربیہ پاکستان کے مرکزی عہدے دار مولانا عادل ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔