ن لیگ کے ہیڈ کوارٹر کا گیس کنکشن کاٹ دیا گیا

ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ کے ذمہ واجب الادا رقم ایک لاکھ 87 ہزار روپے ہے


ویب ڈیسک October 12, 2020
مسلم لیگ (ن) کے ہیڈ کوارٹر کا سوئی گیس کا بل آخری بار گزشتہ سال اگست میں جمع کرایا گیا تھا۔ فوٹو:فائل

KARACHI: مسلم لیگ (ن) کے ہیڈ کوارٹر ماڈل ٹاؤن کا سوئی گیس کنکشن کاٹ دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ماڈل ٹاؤن میں واقع مسلم لیگ (ن) کے ہیڈ کوارٹر کا سوئی گیس عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع کردیا گیا، جس کے بعد سیکرٹریٹ میں کھانے پینے کا معمول کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور ہیڈ کوارٹر میں آنے والے رہنماؤں اور مہمانوں کے لئے چائے کا انتظام بھی مشکل ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سوئی گیس کی ڈیفالٹر ہے، اور ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ کے ذمہ واجب الادا رقم ایک لاکھ 87 ہزار روپے ہے، جب کہ آخری بار بل گزشتہ سال اگست میں جمع کرایا گیا تھا، جس پر گیس عملے نے سیکرٹریٹ کا گیس کنکشن منقطع کردیا۔