بورڈ نے چپکے سے عمررشید کو کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری سونپ دی

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 15 اکتوبر 2020
متعدد بار پی سی بی سے رابطے کے باوجود کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔فوٹو : فائل

متعدد بار پی سی بی سے رابطے کے باوجود کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔فوٹو : فائل

 لاہور: پی سی بی نے چپکے سے عمر رشید کو کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری سونپ دی۔

مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تو معاونت کے لئے ندیم خان کا بطور کوآرڈینیٹر تقرر کیا گیا۔ مقصد یہ تھا کہ مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ مصروفیات کے دوران صوبائی کوچز/ سلیکٹرز کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے معاملات سے آگاہ رکھیں،ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر مقرر ہونے کے بعد ندیم خان نے کوآرڈینیٹر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا، اب نئے سسٹم میں صوبائی کوچز ہائی پرفارمنس سینٹر کے تحت کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب مصباح الحق نے بھی چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا، نئی سلیکشن کمیٹی پرانی طرز پر بحال کرنے پر غور بھی کیا جا رہا ہے، اب عمر رشید کو خاموشی سے ہائی پرفارمنس سینٹر کاکوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا ہے،اس حوالے سے متعدد بار پی سی بی سے رابطے کے باوجود کوئی موقف سامنے نہیں آ سکا۔

یاد رہے کہ عمر رشیدفارغ کیے جانے والے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کے بھائی ہیں جو اس سے قبل بھی مختلف ادوار میں پی سی بی کے لیے کئی عہدوں پر کام کرچکے،عمر یو بی ایل میں ندیم خان کے انڈر کام کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔