چھٹی ایشین بیچ گیمز میزبان چین کی نمایاں سبقت کیساتھ اختتام پذیر

پاکستان  مجموعی طور پر 3 میڈلز جیت کر 15 ویں پوزیشن پر رہا


زبیر نذیر خان April 30, 2026

چھٹی ایشین بیچ گیمز میزبان چین کی نمایاں سبقت کے ساتھ  رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

 موصولہ اطلاعات کے مطابق چین کے شہر سانا میں منعقدہ   تقریب میں  شریک ممالک کے کھلاڑیوں نے  مارچ پاسٹ کیا، فنکاروں کے دلکش مظاہروں کے بعد2028میں ہونے والے اگلے گیمز  کے میزبان فلپائن کو پرچم عطا کیاگیا۔

اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر شیخ  جوان بن  حماد التہانی نے اظہار تشکر کیا اوراگلے مقابلے اولمپک چارٹر کی روح کے مطابق  منعقدہ کرانے کا عزم دہرایا،  گیمز میں چین نے 24 گولڈ، 17 سلور اور 13 برانز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 54 میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

 تھائی لینڈ نے 27 گولد، 10 سلور اور8 برانز میڈلز جیتے جبکہ  تیسری پوزیشن پر براجمان ہونے والے ایران نے مجموعی طور پر 9 میڈلز پر ہاتھ صاف کیا، ان میں 9 گولڈ اور ایک سلور میڈل شامل تھا، فلپائن نے تیسری  پوزیشن پائی جبکہ بھارت نے 3 گولڈ ، 2 سلور اور ایک برانز میڈل حا صل کرکے  5 ویں پوزیشن حاصل کی۔

 پاکستان  مجموعی طور پر 3 میڈلز جیت کر 15 ویں پوزیشن پر رہا،ان میں 2 سلور اور ایک برانز میڈل شامل تھا، انٹرنیشنل ریسلر محمد انعام بٹ 90 کلو گرام  اور اسد اللہ 80کلو گرام کے درجات  کے فائنل میں ہارے اور سلور میڈلز حاصل کیے۔

قومی کبڈی  ٹیم نے  پاکستان  کے لیے برانز میڈل جیتا،واضح رہے کہ ایشین بیچ گیمز کا 10 برس کے بعد انعقاد ہوا، 2016 میں  ویت نام  میں ہونے والے 5 ویں ایشین بیچ گیمز میں  میزبان فاتح رہا تھا، پاکستان نے ان گیمزمیں 2 گولڈ،  3 سلور اور 6 برانزمیڈلز جیتے تھے۔