وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے نواب ٹاؤن کرکٹ اسپورٹس کمپلیکس کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر صوبائی کابینہ الیون اور آفیسرز الیون کے درمیان نمائشی کرکٹ میچ کھیلا گیا جس نے شائقین اور شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔صوبائی کابینہ الیون کی قیادت بلال یاسین اور فیصل ایوب کھوکھر نے کی جبکہ آفیسرز الیون کی کپتانی سیکرٹری اوقاف احسان بھٹہ کے پاس تھی۔ کابینہ الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 110 رنز کا ہدف دیا تاہم آفیسرز الیون کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میچ میں صوبائی وزراء کی شاندار کارکردگی بھی دیکھنے میں آئی، سہیل شوکت بٹ نے 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شیر علی گورچانی نے 20 رنز اسکور کیے۔فیصل ایوب کھوکھر نے بھی 30 رنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔سہیل شوکت بٹ کو ان کی آل راؤنڈ شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکر نے کہا کہ نواب ٹاؤن اسٹیڈیم 11 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیات کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے جس میں جاگنگ ٹریک، پلے ایریا، ایئر کنڈیشنڈ پویلین اور جدید چینجنگ رومز شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں 188 ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس زیر تعمیر ہیں جبکہ ایک ہزار گراؤنڈز بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔