سلمان خان انسانی ہمدردی میں بھی کسی سے پیچھے نہ رہے

ویب ڈیسک  جمعرات 15 اکتوبر 2020
سلمان خان نے فراز کی مدد ایسے ہی کی جیسے وہ ہمیشہ دوسروں کی کرتے ہیں، اداکار کشمیرہ۔ فوٹو: فائل

سلمان خان نے فراز کی مدد ایسے ہی کی جیسے وہ ہمیشہ دوسروں کی کرتے ہیں، اداکار کشمیرہ۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے بیمار اداکار فراز خان کے اسپتال کا بھاری بل ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار فراز خان گزشتہ ایک سال سے کھانسی اور سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہیں۔ حال ہی میں طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں بینگلور کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اداکار کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کرلیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سینے میں ہونے والے انفیکشن نے اداکار کے دماغ کو بھی متاثر کیا اب یہ انفیکشن دماغ میں بھی پھیلتا جارہا ہے جس کے باعث اداکار کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے تاہم اس دوران علاج پر آنے والے اخراجات  25 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔

اداکار کے دوستوں نے سوشل میڈیا پر فراز کے علاج کے لیے پیسہ جمع کرنے کی مہم شروع کی جب یہ خبر سلمان خان تک پہنچی تو انہوں نے فوری طور پر تمام اخراجات خود اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

سلمان خان کی اس مدد کے حوالے سے شوبز فنکارہ کشمیرہ نے انسٹا گرام پر دبنگ خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ فراز کی مدد کرنے پر سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، فراز خان کی نازک حالت کے دوران سلمان ان کے ساتھ کھڑے رہے اور ان کی مدد ایسے ہی کی جیسے وہ ہمیشہ دوسروں کی کرتے ہیں،  سلمان خان فلم انڈسٹری کے واحد شخص ہیں جو کہ حقیقی ہیرو ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔