شاباش سندھ پولیس ہمیں آپ پر فخر ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک  منگل 20 اکتوبر 2020
حکومت کے خلاف عوامی عدالت میں ریفرنس دائر ہوچکا، نائب صدر مسلم لیگ ن

حکومت کے خلاف عوامی عدالت میں ریفرنس دائر ہوچکا، نائب صدر مسلم لیگ ن

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی، شاباش سندھ پولیس  ہمیں آپ پر فخر ہے۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی، اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھی طرح پتا چل گیا ہوگا کہ ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے، شاباش سندھ پولیس،  ہمیں آپ پر فخر ہے۔

مریم نواز نے اپنے مزید ٹویٹس میں کہا کہ جس رفتار سے محمد نواز شریف کا بیانیہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے اور عوام کا حکومت اور ایک پیج کے خلاف ردِعمل سامنے آ رہا ہے، عنقریب ان کو 2200 افراد پر نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام پر مقدمے درج کرنے ہوں گے، حکومت کے خلاف ریفرنس عوامی عدالت میں دائر ہو چکا اور وہ نیب کی طرح جعلی نہیں۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1318564146942717952?s=20

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر آپ ووٹ کو عزت دو کے نعروں پر پرچے درج کروا رہے ہیں تو آپ کی جیلیں کم پڑ جائیں گی کیونکہ آج پاکستان کے ہر بچے، بزرگ، اور جوان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے ووٹ کو عزت دی جائے۔ اس نعرے سے تکلیف صرف انھی کو ہے جو عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

یہ پڑھیں : آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ افسران کا چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ

رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت نے ایک ماہ میں دوسری بار ادویات کی قیمتوں میں 22 سے 35 فیصد اضافہ کر دیا۔دو سال میں بیرونی قرضے 17ارب ڈالر بڑھ گئے۔ نیازی صاحب اگر اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دی ہوتی تو آج قوم آپکو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں نہ دے رہی ہوتی، سبزی ، دال، گوشت ، گھی ، آٹا غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکا۔ وہ وقت آ گیا ہے جب تمہیں عوامی قہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یاسمین راشد صاحبہ لاہور کی سڑکوں پر جس نفرت کا نشانہ بنیں وہ ان کے نہیں، تمہارے خلاف تھی۔ کیونکہ تم نے عوام کی زندگی جہنم بنا کہ رکھ دی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کی دوائی، آپ کی روٹی، آپ کی بجلی مہنگی ہونے سے صرف اس حکومت کو فرق پڑے گا جو ان کے ووٹ سے اقتدار میں آئے گی۔ عوام کی مرضی کے خلاف آئی حکومت کبھی ان کی خیرخواہ نہیں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔