بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر کون ہیں؟ مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک  منگل 17 نومبر 2020
بختاور اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی فوٹوفائل

بختاور اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی فوٹوفائل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر سے متعلق مکمل تفصیلات شیئر گئی ہیں۔

جب سے بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی خبریں منظر عام پر آئی ہیں لوگ یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ آخر ان کاہونے والا شوہر کون ہے۔ سوشل میڈیا پر بختاور زرداری کے منگیتر سے متعلق غلط معلومات بھی شیئر کی جارہی ہیں۔ جن کی تصحیح کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے محمود چوہدری(بختاور کے منگیتر) کے متعلق مکمل تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔

شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق آصف علی زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی 27 نومبر 2020 کو محمود چوہدری کے ساتھ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور کے منگنی کے دعوت نامے پر سوشل میڈیا صارفین کے اعتراض

محمود چوہدری محمد یونس اور بیگم ثریا چوہدری کے صاحبزادے ہیں جو پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتے ہیں۔ باضابطہ اعلامیہ کے مطابق مسٹر یونس 1973 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے سخت محنت سے ٹرانسپورٹ اور صنعت (کنسٹرکشن) کا کاروبار قائم کیا۔

محمود چوہدری 28 جولائی 1988 کو ابو ظہبی میں  پیدا ہوئے اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ (تاریخ پیدائش کے مطابق محمود چوہدری کی عمر 32 سال ہے)۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ابو اظہبی میں حاصل کی اور ثانوی تعلیم برطانیہ میں مکمل کی۔ اس کے بعد وہ یونیورسٹی آف درہم میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے گئے۔

چوہدری خاندان متحدہ عرب امارات میں ہی رہائش اختیار کریں گےجہاں محمود چوہدری اپنے کنسٹرکشن، فائنانس اور ٹیکنالوجی کے کاروبار سنبھالتے ہیں۔ تاہم پیپلز پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے محمود چوہدری کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ بختاور اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔