کم وقفے کی ورزش بھی جسم کےلیے مفید قرار

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
12 منٹ کی کارڈیو ورزش بھی صحت پر بہت اچھے اثرات ڈال سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

12 منٹ کی کارڈیو ورزش بھی صحت پر بہت اچھے اثرات ڈال سکتی ہے۔ فوٹو: فائل

کیمبرج، میساچیوسٹس: ماہرین کہتے رہے ہیں کہ ورزش ہرطرح سے مفید ہوتی ہے اور اب تھوڑے وقفے کی کارڈیوپلمونری ورزش بھی جسم کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

میسا چیوسیٹس جنرل ہسپتال (ایم جی ایچ) کے ماہرین نے نے ’سرکیولیشن‘ نامی تحقیقی جرنل میں ایک مقالہ شائع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 12 منٹ کی سخت ورزش سے قلب، خون کی روانی اور مجموعی طور پر پورے جسم پر انتہائی مثبت اثرات پیدا ہوتے ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق جسم میں استحالی عمل کے نتیجے میں پیدا ہونے والے میٹابولائٹس مالیکیول کی 80 فیصد تعداد پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں جو مجموعی صحت کو بہتر کرتے ہیں۔ اس طرح کم وقفے کی لیکن بھرپور ورزش کا بہت فائدہ ہوتا ہے۔

ایم جی ایچ کے پروفیسر گریگری لیوِس کہتے ہیں کہ پہلی مرتبہ ہم نے ورزش کے اثرات میٹابولائٹس پر دیکھے ہیں اور ان کے جسم پر طویل مثبت اثرات معلوم کیے ہیں۔ یعنی ایسے میٹابولائٹس بھی کی گردش بھی بڑھ جاتی ہے جو ذیابیطس کو روکتے ہیں، رگوں کے افعال بہتر بناتے ہیں، اندرونی سوزش کم کرتے ہیں اورعمر بڑھاتے ہیں۔

اس مطالعے میں درمیانی عمر کے 411 مرد و زن شامل تھے جنہیں 12 منٹ کی شدید ورزش کے بعد ان کے جسم میں زیرِ گردش 588 میٹابولائٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح جسم کے لیے متاثرہ میٹابولائٹس میں بھی 29 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ اسی طرح ذیابیطس اور جگر کی بیماری کو جنم دینے والے میٹابولائٹ، ڈی ایم جی وی میں 18 فیصد کمی واقع ہوئی۔ جس شخص میں ڈی ایم جی وی کی مقدار جتنی کم ہوگی وہ اتنا ہی تندرست اور صحت مند ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ تحقیق فریمنگ ہیم ہارٹ اسٹڈی بھی کہلاتی ہے جو 1948ء سے جاری ہے اور اب بھی آبادی کی بڑی تعداد پر یہ تحقیق جاری ہے جس کے تحت میٹابولک علامات کے تحت لوگوں کی صحت اور زندگی میں کمی بیشی کا اندازہ لگایا جاسکے۔ یہ بات طے ہے کہ ورزش ہر طرح سے ہمارے جسم کے مفید سالمات کو بڑھاتی ہے اور منفی مالیکیول کو ختم کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔