کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ، 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 نومبر 2020
ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات 7ہزار603 ہوگئیں،این سی او سی فوٹو: فائل

ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات 7ہزار603 ہوگئیں،این سی او سی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آرہی ہے اور گزشتہ ایک دن میں 42 افراد اس وائرس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے ہیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے پنجاب میں 16275، سنددھ میں 12975، خیبر پختونخوا میں 4615 ، اسلام آباد میں 7052 ، بلوچستان 664، گلگت بلتستان 302 جب کہ آزاد جموں کشمیر میں 896  ٹیسٹ کیے گئے، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح ایک دن میں کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی خبروں کی تردید کردی

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ 17 جولائی کو ایک روز میں 49 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ملک بھر میں اس وبا سے 7603 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہے جن میں سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 28 ہزار 931 ہوگئی ہے جب کہ ملک میں کورونا کے فعال مصدقہ کیسز کی تعداد 34 ہزار 974 ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے 2122 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جن مین سے  246مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

کورونا وبا ملک میں داخل ہونے کے بعد کئے ٹیسٹس کی روشنی میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 61 ہزار 28 افراد اس سے متاثر جب کہ 2799 جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے دوا کی تیاری اہم مرحلے میں داخل

پنجاب میں مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 457 ہے جب کہ اس وبا سے اب تک دو ہزار 826 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 43 ہزار 730 اور ایک ہزار 323 اموات ہوئی ہے۔ بلوچستان میں 16 ہزار 699 افراد میں کورونا کی رصدیق ہوئی جب کہ 158 مقلہ اجل بنے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک 26 ہزار 177 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 270 ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کورونا مریضوں کی تعداد 5911 جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 134 ہے، گلگت بلتستان میں مریض 4 ہزار 506 اور اموات 93 ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پا نی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔