اسلام آباد کی عدالت میں جعلی حکم نامے تیار کرنے کا انکشاف

ثاقب بشیر  بدھ 2 دسمبر 2020
سینئر سول جج محمد شبیر کے اسٹینو گرافر کو معطل کردیا گیا

سینئر سول جج محمد شبیر کے اسٹینو گرافر کو معطل کردیا گیا

اسلام آباد کچہری میں جعلی عدالتی حکم نامے تحریر کرنے کا انکشاف ہوا ہے، قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ نے جعلی عدالتی احکامات تیار کرنے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سینئر سول جج محمد شبیر کے اسٹینو گرافر کو معطل کردیا۔

سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت کے دو جعلی حکم نامے تیار کیے گئے۔ 20فروری 2020 کی آرڈر شیٹ میں رد و بدل کیا گیا جبکہ 21مارچ 2020 کو کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کوئی عدالتی کارروائی نہیں ہوئی اور اس کا بھی جعلی آرڈر تیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی ڈگری پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی اسسٹنٹ رجسٹرار برطرف

اسٹینوگرافر واقف خان کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق اس نے بطور ریڈر ایک جعلی حکم نامہ تیار کیا اور ایک عدالتی آرڈر شیٹ میں ٹیمپرنگ (ردوبدل) کی جس کے نتیجے میں وہ مس کنڈکٹ (بدعنوانی) کا مرتکب ہوا۔

ملزم نے عادل بنام کرن فیملی کیس میں بچے کی ملاقات کرانے کا جعلی حکمنامہ تیار کیا۔ اسٹینو گرافر واقف خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ جعلی آرڈر شیٹ تیار کرنے سے میرا کوئی تعلق نہیں، مجھے الزام سے بری کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔