معروف پاکستانی اداکارہ روبیا چوہدری نے طلاق لے لی

ویب ڈیسک  جمعرات 3 دسمبر 2020
طلاق کا مطلب ہمیشہ غم یا کسی رشتے کی موت ہوجانا نہیں ہوتا ، روبیا چوہدری فوٹوفائل

طلاق کا مطلب ہمیشہ غم یا کسی رشتے کی موت ہوجانا نہیں ہوتا ، روبیا چوہدری فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ و ماڈل روبیا چوہدری نے شوہر سے طلاق لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب ازدواجی زندگی میں رہنے سے علیحدہ ہوجانا بہترہے۔

مختصر فلم ’’بینچ‘‘ سمیت متعدد ڈراموں اور فیشن شوز میں ماڈلنگ کرنے والی نامور اداکارہ و ماڈل روبیا چوہدری نے اپنے شوہر موسیقار میکال حسن سے طلاق لے لی اور اس خبر کی تصدیق سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر بھی کی ہے۔

روبیا چوہدری نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں اپنی طلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں نے چند سال قبل شادی کی تھی اور اب طلاق لے لی ہے۔ میں کبھی اپنی نجی زندگی کو لوگوں کے سامنے نہیں لائی۔ میں کہنا چاہتی ہوں کہ طلاق کا مطلب ہمیشہ غم یا کسی رشتے کی موت ہوجانا نہیں ہوتا ۔ طلاق کا مطلب یہ بھی نہیں ہے کہ لوگ کہیں ’ہائے بچی کی زندگی تباہ ہوگئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: فیروزخان اورعلیزے کی علیحدگی کی وجہ کون؟ سوشل میڈیا پر بحث

طلاق کا ایک مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ بچی کی زندگی تباہ ہونے سے بچ گئی یا زندگی اورمحبت کو دوسرا موقع دینا بھی۔ روبیا چوہدری نے مزید کہا میں اپنی طلاق کے حوالے سے کوئی بھی خبرشیئر نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن یہ صرف میرے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ ان سینکڑوں، ہزاروں خواتین کے بارے میں ہے جنہیں باورکروایا جاتا ہے کہ طلاق کے بعد انہیں شرمندگی محسوس کرنی چاہیئے کہ ان کی شادی شدہ زندگی کامیاب نہیں ہوئی۔ جنہیں باربار بتایا جاتا ہے کہ ان میں ہی کچھ خرابی ہے اور انہیں ایک مکمل بیوی بننے کے لیے خود کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بنیادی طور پر میں کہنا چاہتی ہوں الحمداللہ۔

اپنی پوسٹ کے آخر میں روبیا چوہدری نے لکھا’’کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا، چھوڑو بیکار کی باتوں میں، کہیں بیت نہ جائے رینا۔‘‘

روبیا چوہدری نے 2016 میں موسیقار میکال حسن کے ساتھ شادی کی تھی۔ ان دونوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھا اور کبھی اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والی شوبز فنکاروں کے درمیان علیحدگی کی یہ تیسری خبرہے ۔ اس سے قبل فرحان سعید، عروہ حسین اور فیروز خان اور علیزہ فاطمہ کے درمیان طلاق کی خبر منظر عام پر آئی تھی تاہم ان دونوں جوڑیوں نے ابھی تک اپنی علیحدگی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔