بھارتی جارحیت کا خطرہ؛ پاک فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 9 دسمبر 2020
بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی ایکشن کی تیاری میں مصروف ہے، مصدقہ ذرائع۔ فوٹو:فائل

بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی ایکشن کی تیاری میں مصروف ہے، مصدقہ ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت عالمی میڈیا اور اداروں کی تنقید سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک اور فالس فلیگ (False Flag) آپریشن کی کوششوں میں مصروف ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق لداخ اور دو کلم میں  ہزیمت کے بعد مودی سرکار اندورنی اور بیرونی دباؤ کا شکار ہے، جس کے بعد بھارت ایک بار پھر خطے کے امن کو تباہ کرنے کیلئے سرگرم ہوگیا ہے، بھارت  اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک، کسانوں کے احتجاج،  مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم  اور اس  پر عالمی میڈیا اور اداروں کی تنقید سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک اور فالس فلیگ (False Flag) آپریشن کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کسی بھی وقت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پلوامہ ڈرامہ کی طرز پر لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی ایکشن کی تیاری میں مصروف ہے، جس کے بعد مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  2016 میں بھی ہندوستان نے ناکام سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ کیا تھا، 26 فروری 2019 کو بھی بھارت نے ایک ایسے ہی ناکام آپریشن کی کوشش کی تھی، اور اب بھی  بھارت بارڈر ایکشن  یاسرجیکل سٹرائیک کا سہارا لے سکتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا بھی بالاآخر مودی سرکار کے خلاف بول اٹھا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستانیوں سے حقائق مت چھپاؤ،  بھارت نے کارگل سے حاصل سبق کو بھلا دیا اور  کارگل میں حقائق چھپائے تھے، جب کہ زیب داستان کئی کہانیاں گھڑیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ملٹری نے حقائق کو اپنے زاؤیے سے دکھانا شروع کر رکھا ہے،  2017سے لے کر اب تک مودی کی حکومت بے یقینی اور حقائق کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے، ۔مخصوص من گھڑت اور پسندیدہ خبریں اور پسندیدہ چینلز کے ذریعے لیک کی جاتی ہیں، اس مقصد کے لئے انفارمیشن وارفیئر قائم کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔