قومی ہاکی نیشنل بینک نے پی ٹی وی کو سبق سکھا دیا

دلبر نے 2 بار گیندکو جال کی راہ دکھائی، آرمی نے نیوی کو4-0 سے زیر کیا، پولیس کی ٹیم پورٹ قاسم کیخلاف3 گول سے ناکام


Sports Reporter December 27, 2013
بینک کی ٹیم نے 8 ویں منٹ میں ارسلان قادر کے گول کی بدولت سبقت حاصل کی ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی ہاکی چیمپئن شپ میں نیشنل بینک نے پی ٹی وی کو سبق سکھا دیا، دلبر نے 2 بار گیندکو جال میں پہنچا کر ٹیم کو 5-0 سے فتح دلائی،آرمی نے نیوی کو 4-0 سے زیر کیا، پولیس کو پورٹ قاسم کیخلاف 3 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جوہر ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پورٹ قاسم اور پولیس کا میچ یکطرفہ ثابت ہوا، بدھ کو ایچ ای سی کو 7-3 سے زیر کرنے والی پولیس کی ٹیم عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور گول کرنے کے 3 سنہری مواقع گنوا کر 3-0 سے زیر ہوگئی، ناکام سائیڈ 2 پنالٹی کارنرز کو بھی کارآمد نہ بنا سکی۔ پورٹ قاسم نے میچ کے 30 ویں منٹ میں اویس الرحمان کے گول کی بدولت کھاتہ کھولا، پہلے ہاف کا اسی اسکور پر اختتام ہوا، فاتح سائیڈ نے 53 ویں منٹ میں جاوید علی کے دلکش فیلڈ گول کی بدولت برتری دگنی کرلی، اس دوران پولیس کے فارورڈز نے میچ میں واپسی کیلیے کوشش کی مگر حریف گول کیپر نے ان کی ایک نہ چلنے دی، پورٹ قاسم کے سہیل نے 61 ویں منٹ میں حریف کا دفاع پاش پاش کرتے ہوئے اسکور 3-0 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

دوسرے میچ میں آرمی نے نیوی کو 4-0 سے شکست دی، ناکام ٹیم نے 3 گول کے خسارے میں جانے کے بعد عمدہ کھیل پیش کیا، فارورڈز نے گیند پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے 4 پنالٹی کارنر بھی حاصل کیے مگر آرمی کے گول کیپر نے ایک بھی کوشش کامیاب نہ ہونے دی،ٹیم کا پہلا گول چھٹے منٹ میں کپتان محمد سفیر نے کیا،13 ویں منٹ میں عمران نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-0 کردیا، محمد سفیر نے 25 ویں منٹ میں ایک بار پھر شاندار اسٹک ورک سے حریف ڈیفینڈرز کو ڈاج دیتے ہوئے گیندکو جال کی راہ دکھا دی۔

 photo 11_zps96f30feb.jpg

پہلے ہاف میں 3 گول کے خسارے میں جانے والی نیوی کی ٹیم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور کم ازکم 20 منٹ تک گیند پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے حریف گول پوسٹ پر کئی حملے کیے،4 پنالٹی کارنر بھی حاصل ہوئے مگر آرمی کے گول کیپر دیوار بنے رہے،آر می کی ٹیم نے 56 ویں منٹ میں حماد ظفر کے گول کی بدولت برتری 4-0 کرلی، یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ تیسرے اور آخری میچ میں سیمی فائنل کیلیے نشست پکی کرنے والی نیشنل بینک کی ٹیم نے پی ٹی وی کو 5-0 سے ڈھیر کردیا،انٹرنیشنل پلیئر توثیق،دلبر، رضوان جونیئر اور اختر علی نے عمدہ کھیل سے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو مسلسل دبائو کا شکار رکھا۔

بینک کی ٹیم نے 8 ویں منٹ میں ارسلان قادر کے گول کی بدولت سبقت حاصل کی جسے دلبر نے 27 ویں منٹ میں دگنا کردیا، تین منٹ بعد توثیق نے کئی دفاعی پلیئرز کو چکمہ دیتے ہوئے گول داغ کر اسکور 3-0 کیا۔ دوسرے ہاف کے 47 ویں منٹ میں دلبر نے دوسری کامیاب کوشش سے پی ٹی وی کو4 گول کے خسارے میں دھکیل دیا، کھیل ختم ہونے سے 9 منٹ قبل کاشف شاہ نے ایک اور کاری وار کرتے ہوئے نیشنل بینک کو 5-0 سے کامیابی دلا دی۔ جمعے کو3 میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میں پی ٹی وی اور ہایئر ایجوکیشن کی ٹیمیں مقابل ہونگی، دوسرا میچ پولیس اور نیوی کے مابین ہوگا، آخری میچ میں پورٹ قاسم اور آرمی کا سامنا ہونا ہے۔