جامعہ کراچی، ماسٹرز انٹری ٹیسٹ میں 89 فیصد، بیچلر پروگرام میں 71 فیصد طلبہ

صفدر رضوی  جمعـء 18 دسمبر 2020
ماسٹرز پروگرام کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں 503 امیدواروں میں سے صرف 104 امیدواروں نے یہ ٹیسٹ پاس کیا باقی 396 امیدوار ناکام ہوگئے۔ فوٹو: فائل

ماسٹرز پروگرام کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں 503 امیدواروں میں سے صرف 104 امیدواروں نے یہ ٹیسٹ پاس کیا باقی 396 امیدوار ناکام ہوگئے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے پروموشن پالیسی کے تحت امتحانات کے بغیر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی سطح پر طلبہ کو براہ راست پاس کرنے کے پیچیدہ اور گھمبیر نتائج آنا شروع ہوگئے۔

جامعہ کراچی تحت داخلوں کے سلسلے میں لیے گئے انٹری ٹیسٹ میں ماسٹرز پروگرام میں 89 فیصد جبکہ بیچلر پروگرام میں 71 فیصد امیدوار ناکام ہوگئے ، یہ نتائج جمعرات کی صبح جاری ہوئے۔

’’ایکسپریس ‘‘ کو ملنے والی معلومات کے مطابق ماسٹرز پروگرام کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں 503 امیدواروں میں سے صرف 20 فیصد یعنی 104 امیدواروں نے یہ ٹیسٹ پاس کیا باقی 396 امیدوار فیل ہوگئے، ماسٹرز پروگرام کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ 6 مختلف شعبوں کی 355 نشستوں کے لیے تھا۔

دوسری جانب بیچلر پروگرام کے لیے انٹری ٹیسٹ 20 مختلف شعبوں میں 1467 مختص نشستوں کے لیے لیا گیا تھا جس میں 8983 امیدوار شریک ہوئے تھے جس میں سے 2605 یعنی 29 فیصد امیدواروں نے یہ ٹیسٹ پاس کیا اور 6378 امیدوار فیل ہوگئے

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی جانب سے ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس 100 میں سے 50 نمبر مقرر کیے گئے ، ذرائع کے مطابق صرف ویژول اسٹڈیز کے ٹیسٹ میں شریک 1118 امیدواروں میں سے 600 سے زائد امیدوار پاس ہوئے ہیں۔

بیچلر اور ماسٹرز پروگرام کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کی مزید تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ میں کوئی بھی امیدوار 90 مارکس سے زائد حاصل نہیں کرسکا جبکہ 2 امیدوار ایسے بھی ہیں جن کے مارکس صفر ہیں صرف 14 امیدواروں نے 81 سے 90 مارکس حاصل کیے، 184 امیدوار ایسے ہیں جنھوں نے 71 سے 80 مارکس حاصل کیے ، 742 امیدواروں نے 61 سے 70 مارکس حاصل کیے ہیں۔

پاس ہونے والے 1771 امیدوار ایسے ہیں جن کے مارکس 51 سے 60 کے درمیان ہیں جبکہ 41 سے 50 مارکس لینے والے امیدواروں میں 3051 اور 31 سے 40 مارکس لینے والوں میں 3375 امیدوار شامل ہیں اسی طرح 21 سے 30 مارکس لینے والے امیدواروں میں 1321 اور 11 سے 20 مارکس حاصل کرنے والے امیدواروں میں 117 جبکہ 1 سے 10 تک مارکس لینے والوں میں 16 امیدوار شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔